Friday, April 26, 2024

کراچی کے علاقے گولیمار نمبر 2 میں رہائشی عمارت زمین بوس ، 16 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے گولیمار نمبر 2 میں رہائشی عمارت زمین بوس ، 16 افراد جاں بحق
March 6, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے گولیمار میں5 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی۔ واقعی میں 16 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ ایس بی سی اے نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔

عمارت کے مکین اپنے گھر زمین بوس ہونے اور قیمتی جانوں کے ضیائع پر دہائیاں دیتے رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ایک شخص کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال لیا گیا۔رہائشی عمارت میں تین خاندان رہائش پذیر تھے ۔ مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے لوگوں کو نکالنے کیلئے کوشش کرتے رہے جب کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں ، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ۔

عمارت گرنے سے طراف کی تین عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ جناح اسپتال اور عباسی شہید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ میڈیکل اسٹاف اور تمام سہولتیں  فعال رکھنے کی ہدایت دی گئیں ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بلڈنگ زیادہ پرانی نہیں اور اسے 3 سے 4 سال پہلے ہی تعمیر کیا گیا تھا۔گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ادھر عمارت کے ملبے تلے دبے سفیان کے والدین اپنے بیٹے کی فون کال پر حیدرآباد سے کراچی پہنچ گئے۔ والدہ نے اپنے بیٹے کو ملبے سے نکالنے کی اپیل کر دی اور کہا سفیان کہہ رہا ہے اسے آکسیجن کی ضرورت ہے۔ والد نے بتایا سفیان عمارت کی دوسری منزل پر رہتا تھا۔دوسری طرف شہری بھی واقعہ پر پھٹ پڑے اور کہا کراچی میں ناقص عمارتوں کو چیک کرنے کا کوئی قانون نہیں۔ عمارت پہلے ہی ٹیڑھی تھی۔ ایک اور منزل تعمیر کی جارہی تھی۔ لوگوں کے روکنے کے باجود تعمیراتی کام جاری رکھا۔