Saturday, May 11, 2024

کراچی کے علاقے گارڈن میں موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ ، ٹک ٹاک اسٹار مسکان جاں بحق

کراچی کے علاقے گارڈن میں موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ ، ٹک ٹاک اسٹار مسکان جاں بحق
February 2, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے گارڈن میں موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے ٹک ٹاک اسٹار مسکان اور دوست جاں بحق ہو گئے۔

کراچی میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے۔ گارڈن کےعلاقےمیں انکل سریا اسپتال کے قریب کار پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے ٹک ٹاک اسٹار مسکان اور صدام نامی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ عامر اور ریحان اسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے فائرنگ کرکے گاڑی رکوائی اور چاروں کو گاڑی سے اتار کر گولیاں ماری گئیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے نو خول ملے ہیں۔ فائرنگ کے واقعے سے کچھ دیر پہلے بنائی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ مقتولہ لانڈھی اور مقتول عامر بلدیہ ٹاون کا رہائشی تھا۔

اس سے پہلے گذشتہ شب بوٹ بیس کے قریب  موٹرسائیکل سوار خاتون اور مرد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ دونوں کو سر اور سینے میں تین تین گولیاں لگیں۔

پولیس کے مطابق دونوں کو ریکی کرنے کے بعد ویران گلی میں روک کر قریب سے گولیاں ماری گئیں۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عدنان اور مقتولہ کی شناخت عینی کے نام سے ہوئی۔

دونوں ہجرت کالونی کے رہائشی اور پڑوسی تھے۔ پولیس کے مطابق مقتول غیر شادی شدہ اور مقتولہ شادی شدہ تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک بڑی گاڑی اور موٹرسائیکل کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کو شک ہے کہ قاتل یا تو بڑی گاڑی میں سوارتھے یا پھر موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ پولیس نے عدنان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب گلشن معمار پیڑول پمپ کے قریب سے خاتون کی جھلسی ہوئی لاش ملی۔ سہراب گوٹھ افغان بستی کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی۔ دونوں مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔