Friday, April 19, 2024

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کے الیکٹرک کی غفلت سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کے الیکٹرک کی غفلت سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج
August 12, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کے الیکٹرک کی غفلت سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ متوفی فیضان کے چچا کی مدعیت میں درج مقدمے میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی اور دیگر نامزد ہیں۔ کراچی میں کے الیکڑک کی مجرمانہ غفلت ایک اور گھر کا چراغ گل کر گئی تھی۔ ڈیفنس فیز سیون میں کے الیکڑک کے سب گرڈ اسٹیشن کے اندر کرنٹ لگنے سے فیضان  نامی  نوجوان دم  توڑ گیا تھا۔ متوفی کے چاچا رشید نے بتایا کہ فیضان پیر کے روز مانسہرہ سے کراچی پہنچا تھا ۔ صبح کے وقت اپنے کزنز کیساتھ تصاویر لینے اندر داخل ہوا جہاں اسے کرنٹ لگ گیا تھا۔ فیضان کے چچا نے بتایا کہ سب اسٹیشن پر دروازہ موجود نہیں تھا۔ واقعہ کا مقدمہ ڈیفنس  تھانے میں متوفی فیضان کے چچا کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جس میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی ، ڈسٹری بیوشن ہیڈ عامر ضیاء  اور آئی بی سی سیکیورٹی افسر کو بھی نامزد کیا گیا ۔ واقعہ پر ترجمان کے الیکڑک نے موقف دیا کہ مرنے والا سب اسٹیشن کے اندر تار چوری کر رہا تھا۔ دوسری جانب کراچی میں ہونے والے برسات کے بعد کرنٹ لگنے سے کتنی ہلاکتیں ہوئی 92 نیوز نے اعداد و شمار حاصل کر لیے۔ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے جاری دو ماہ کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 35 روز میں کرنٹ لگنے سے 39 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ماہ جولائی میں کرنٹ لگنے سے 26 اوراگست کے 11 روز میں کرنٹ لگنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے۔