Friday, April 19, 2024

کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں نجی بینک میں پراسرار دھماکا

کراچی کے علاقے پاپوش نگر میں نجی بینک میں پراسرار دھماکا
December 25, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے پاپوش نگر کے نجی بینک میں زوردار دھماکہ ہوا۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ عمارت کے نیچے گٹر میں گیس بھر جانے سے ہوا۔

پاپوش نگر کے نجی بینک کی عمارت زور دار دھماکے سے گونج اٹھی۔ شٹر اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے۔ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ابتدائی تفتیش میں پولیس نے تخریب کاری کے امکان کو مسترد کر دیا۔

پولیس کے مطابق عمارت کے نیچے موجود گٹر میں ممکنہ طور پر گیس بھر جانے کے باعث دھماکہ ہوا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کئی بار گیس لیکیج کی شکایت کی مگر کچھ نہیں ہوا۔

بی ڈی ایس نے بینک کو معائنے کے بعد کلیئر کردیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں کسی قسم کے بارود کے شواہد نہیں ملے۔