Wednesday, May 8, 2024

کراچی کے علاقے لیاری کا رہائشی ارسلان امین چین سے واپس پاکستان پہنچ گیا

کراچی کے علاقے لیاری کا رہائشی ارسلان امین چین سے واپس پاکستان پہنچ گیا
January 30, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے لیاری کا رہائشی ارسلان امین چین سے واپس پاکستان پہنچ گیا۔ ووہان یونیورسٹی میں زیر تعلیم ارسلان کی واپسی پر اہل خانہ خوشی سے نہال ہیں۔ کرونا وائرس چین میں موجود پاکستانیوں کیلئے ڈراؤنا خواب بن گیا۔ نہ چین میں رہ سکتے ہیں نہ ہی پاکستان واپسی کی راہ ہموار ہو سکی۔ سیکڑوں طالب علموں سمیت پاکستانی شہری چین میں پھنس کر رہ گئے۔ ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبا چینی ہاسٹلز میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کو پریشان دیکھ کر غم سے نڈھال ہیں۔ بدین اور ٹھل کے طلباء کیف الوریٰ اور بدرالدین مشکلات کا ذکر بھی کر چکے ہیں۔ طلباء کے والدین نے حکومت سے فوری اپنے بچوں کو واپس لانے کی اپیل کی ہے۔ لیاری کا ارسلان امین چین سے واپس پہنچ گیا جس پر اہلخانہ خوشی سےنہال ہوگئے۔ ارسلان امین ووہان سیل ہونے سے قبل شہر چھوڑ چکا تھا۔ دو سو سے زائد پاکستانی ارومچی ایئرپورٹ پر پھنس گئے اور شدید سردی میں رات ایئرپورٹ پر گزاری۔ چین نے وائرس کی پاکستان منتقلی روکنے کیلئے مسافروں کی واپسی مانیٹرنگ سے مشروط کر دی۔ پاکستان آنے والے مسافروں کی 14 روز مانیٹرنگ کی جائے گی۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کی مشاورت سے ہوا۔ لاہور کے سروسز اسپتال سے کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کو ٹیسٹ کلیئر ہونے پر ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ ملتان میں سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی بھی اسکریننگ کی جاری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے چین نے کرونا وائرس کے خدشے پر پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ واپسی کے خواہش مند افراد خود کو فوری طور پر رجسٹرڈ کرائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا چینی حکام نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کئے، ہر طرح کی مدد کے عزم کا بھی اظہار کیا۔