Friday, April 26, 2024

کراچی کے علاقے سچل میں بیکری پر کریکر حملہ ، ایک شخص جاں بحق

کراچی کے علاقے سچل میں بیکری پر کریکر حملہ ، ایک شخص جاں بحق
July 8, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے سچل میں بیکری پر کریکر حملہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والا بیکری مالک قانون نافذ کرنے والے ادارے کا سابق اہلکار ہے۔ ابتدائی طور پر  واقعہ دہشتگردی معلوم ہوتا ہے۔ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کریکر پھنک کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے بیکری پر اس وقت دستی بم سے حملہ کیا جب بیکری مالک عاشق حسین موجود تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں بیکری کے اندر کاؤنٹر کے قریب دھماکا ہوتے اور عاشق حسین کو نیچے گرتا دیکھا جاسکتا ہے۔ حملے میں جاں بحق ہونے والے رینجرز کے ریٹائرڈ افسر عاشق حسین کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شہر میں اس ماہ ہونے والا یہ چوتھا دستی بم حملہ ہے۔ اس سے قبل گلستان جوہر، شاہ لطیف ٹاؤن اور لیاقت آباد میں دس بم حملے ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف بم ڈسپوزل نے سچل میں بیکری پر کریکر حملے کی ابتدائی رپورٹ حکام کے حوالے کر دی۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے بیکری پر حملہ دستی بم سے کیا۔ حملے میں روسی ساختہ آر جی ڈی ون دستی بم کا استعمال کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے دھماکہ سے دستی بم کا لیور، پن اور ٹکرے ملے گئے۔ عینی شاہد کا کہنا تھا میں قریب میں موجود دکان پر کھڑا کہ اچانک دھماکا ہوا ۔ یہاں دکان پر آکر دیکھا عاشق حسین گرا ہوا۔ ہم نے عاشق حسین کو اٹھا کر اسپتال منتقل کیا اور بیٹے کو اطلاع دی۔