Friday, May 3, 2024

کراچی کے شہریوں نے مددگار ون فائیو کو تفریح کا انتظام سمجھ لیا

کراچی کے شہریوں نے مددگار ون فائیو کو تفریح کا انتظام سمجھ لیا
June 3, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں شہریوں کی فوری مدد کیلئے ون فائیو مددگار کو شہریوں نے ہی تفریح کا انتظام سمجھ لیا ،  روزانہ موصول ہونے والے 10 ہزار سے زائد کالز میں سے ساڑھے 9 ہزار کالز غیرضروری کی جانے لگیں  جس سے پولیس افسران اور اہلکار بھی پریشان ہوگئے ۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی  میں  پولیس کو بھی بڑے مسائل کا سامنا  ہے ، مدد گار ون فائیو پولیس کو بھی شہریوں کی جانب سے تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

پولیس افسران اور اہلکار بھی غیرضروریکالز سے پریشان رہنے لگے ، پولیس حکام کہتے ہیں یومیہ 10 ہزار سے زائد کالز موصول ہورہی ہیں، جن میں اکثر غیرضروری ہوتی ہیں، شہری باز نہ آئے تو گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں ۔

ڈی آئی جی سکیورٹی کا کہنا ہے شہریوں کی کسی بھی جائز کال پر صرف 10 منٹ میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچ جاتی ہے ۔

ڈی آئی جی مقصود میمن کا کہنا ہے کراچی میں مدد گار ون فائیو کے پاس 175 گاڑیاں موجود ہیں  جبکہ کمانڈو ٹریکنگ حاصل کرنے والے 2285 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں ۔