Tuesday, March 19, 2024

کراچی کے ساحل پر پھنسا بحری جہاز سات روز بعد بھی نہیں نکالا جاسکا

کراچی کے ساحل پر پھنسا بحری جہاز سات روز بعد بھی نہیں نکالا جاسکا
July 27, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی کے سی ویو پر پھنسا بد قسمت ہینگ ٹانگ 77 بحری جہاز کو سات روز بعد بھی نہیں نکالا جاسکا۔

سنگاپور سے کراچی آنے والا کارگو جہاز ہینگ ٹانگ ڈبل سیون سات روز بعد بھی کراچی کے ساحل پر ریت سے نہ نکالا جا سکا۔

بحری جہاز کی نگرانی کے لئے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی پاپولیشن کنٹرول رپیڈ رسپارنس ٹیم نے ذمہ داریاں سنبھال لی۔

چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز کے مطابق آئل پھیلنے سے روکنے کےلیے پلان تیار کرلیا ہے۔ کے پی ٹی سیکیورٹی فورس اور دیگر اداروں کی ٹیمیں جہاز پر تعینات کردی گئی ہیں۔

ہیوی مشینری سمیت دیگر گاڑیاں بحری جہاز کے اطراف کھڑی ہیں۔ حکام ڈرون سرولنس کے ذریعے بھی مانٹرنگ کررہے ہیں۔

بحری جہاز کو سی ویو کے مقام سے ہٹانے کے لیئے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کو سمندر میں بلند لہروں کا انتظار ہے۔

دوسری جانب میری ٹائم ہیڈ کواٹرز میں بحری جہاز کے معاملے پر ہوئے اہم اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ بدھ کی صبح نو بجے سے تیل نکالنے کا کام شروع ہوجائے گا۔ وزیر اعظم کے مشیر میری ٹائم محمود مولوی کا کہنا ہے جہاز کو کھینچتے ہوئے کوئی رسک لینا نہیں چاہتے۔