Wednesday, April 24, 2024

کراچی کے رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا

کراچی کے رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا
June 26, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں بجلی کا بحران شدید ہو گیا۔ رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا۔ کے الیکٹرک کراچی والوں کے صبر کا امتحان لینے لگا۔ کراچی کے مختلف علاقوں محمود آباد، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، ناظم آباد، گارڈن شو مارکیٹ، عثمان آباد، رنچھوڑ لائن سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ شہریوں کے ساتھ ساتھ تاجر اور صنعتکار بھی لوڈ شیڈنگ پر پھٹ پڑے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے صنعتی علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ  آل سٹی تاجر اتحاد نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بجلی کے معاملے پر وفاق سے مدد مانگ لی۔ کہتے ہیں کہ پورا شہر کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہے۔ بات صرف شہریوں تک محدود نہیں تھی، سندھ اسمبلی میں بھی اجلاس کے دوران بجلی چلی گئی۔ دوسری طرف کے الیکٹرک ایس ایس جی سی کا نادہندہ نکلا۔ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کے 105 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ صارف کو ایک ماہ کا بل نہ دینے پر بجلی کاٹنے والے کےالیکڑک نے تین ماہ سے ادائیگی نہیں کی۔ کئی کئی گھنٹے بجلی غائب ہونے سے شہری تلملا اٹھے۔ جیبک آباد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ بجلی کے میٹر اور انرجی سیور اٹھائے مظاہرین نے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔