Friday, March 29, 2024

کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں ایک ارب روپے کی کرپشن

کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں ایک ارب روپے کی کرپشن
December 30, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں محض دو سال میں ایک ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہو ا ہے۔ ولیکا‘ لیاری اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں کرپشن کے شواہد حاصل کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں بڑی کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ ولیکا‘ لیاری اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں محض دو سال میں ایک ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی گئی۔ اینٹی کرپشن نے کرپشن شواہد پر رپورٹ چیف سیکرٹری کو پیش کردی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ولیکا اسپتال میں 3 کروڑ 60 لاکھ کی دوائیاں خرید کر 6 کروڑ 40 لاکھ کے بل بنائے گئے ۔ اسپتال میں مختلف طبی آلات کی خریداری میں 4 کروڑ سے زائد کی خوردبرد ہوئی۔ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انصار احمد نے غیرقانونی طور پر اکاونٹس آفیسرز تعینات کئے۔ ڈاکٹر انصار احمد نے اکاونٹس افسر معراج السلام کے ساتھ مل کر کروڑوں کی کرپشن کی جبکہ ٹینکرز سے پانی خریدنے کے نام پر 5 کروڑ کی خوردبرد‘ بنا ٹینڈر ادویات‘ جراحی کے آلات کی خریداری اور ہر خریداری پر دس فیصد کمیشن کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی پیشنٹ ویلفیئر فنڈ ہونے کے باوجود مریضوں سے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کی گئی۔ کرپشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد تینوں اسپتالوں کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ‘ اکاونٹینٹس اور اسٹور کیپرز کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ عباسی شہید اسپتال انتظامیہ کے خلاف ریکارڈ غائب کرنے اور چوری کا مقدمہ درج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔