Thursday, April 25, 2024

کراچی : کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کا جینا حرام کردیا

کراچی : کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کا جینا حرام کردیا
January 14, 2017
کراچی(92نیوز)کراچی میں بارش سے موسم تو سہانا ہوا مگر کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی شہریوں کا جینا حرام کردیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی جمعہ کی رات سے معطل ہے  کرنٹ لگنے اور مختلف حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کےمطابق کے الیکٹرک شہر میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے دو روز کی بارش نےادارے کے تمام بلند و بانگ دعووں کو بہادیا ۔ ذرائع کے مطابق شہر بھر میں اب بھی  ایک سو پچاس سے زائد فیڈر بند ہیں ناظم آباد ،نارتھ ناظم آباد ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، کورنگی ،لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی ، ملیر ، نارتھ کراچی  سرجانی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، کیماڑی میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں جبکہ بعض علاقوں میں جمعہ کی رات سے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ نوے سے زائد کیبل فالٹس اور تار ٹوٹ کر گرنے کی متعدد شکایات کو بھی حل نہیں کیا جاسکا۔مرکزی کمپلینٹ سیل 118 پر ہزاروں شکایات موصول ہورہی ہیں مگر اس کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں ،دوسری جانب کرنٹ لگنے اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں آٹھ سے زائد افراد جاں بحق اور سولہ زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر  شام ڈھلتے ہی مختلف سڑکوں پر ٹریفک بھی جام ہوگیا  شارع فیصل ، یونیورسٹی روڈ ، شارع پاکستان ، ایم اے جناح روڈ ، کورنگی روڈ پر شہری اذیت میں مبتلا رہے۔