Sunday, September 8, 2024

کراچی کے اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ‘ وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ

کراچی کے اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ‘ وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ
July 12, 2016
کراچی (92نیوز) محکمہ صحت نے متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی کے اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ طبی ماہرین نے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کرکے اپنا فرض نبھایا تو محکمہ صحت کو بھی فرض یاد آگیا اور کراچی کے اسپتالوں میں فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔ محکمہ صحت کی ہدایت پر ساحلی پٹی پر واقع ابراہیم حیدری اسپتال میں بھی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ ادھر طبی ماہرین نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا اور کہا اگر شہر کو گندگی اور غلاظت سے پاک نہ کیا گیا تو شہری وبائی امراض کا شکار ہوجائیں گے۔ ماہرین نے شہریوں کو اپنے مفید مشوروں سے بھی نوازا اور کہا بارش کے دوران بجلی کے آلات سے دور رہیں جبکہ کھانے پینے کی اشیاءکئی کئی روز تک فریج میں اسٹاک نہ کریں۔