Friday, March 29, 2024

کراچی کے 2 کروڑ سے زائد شہریوں کیلئے صرف 6 ہزار 500 بسیں

کراچی کے 2 کروڑ سے زائد شہریوں کیلئے صرف 6 ہزار 500 بسیں
February 26, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے 2 کروڑ سے زائد شہریوں کیلئے صرف 6 ہزار 500 بسیں ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا حشر نشرہونے سےشہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ملکی معیشت کو چلانے والے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہو گیا۔ کئی عشروں پرانی بسیں، چھتوں پر سفر اور اذیت ناک سفر میٹروپولیٹن کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ہی ناپید ہے۔ گزشتہ پندرہ برسوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کے بجائے روز بہ روز تنزلی آرہی ہے۔ حکومت وفاقی ہو یا صوبائی سب ہی نے ہر سال کراچی میں ٹرانسپورٹ منصوبوں کے الگ الگ اعلانات کیے۔ کبھی فیصلہ ہوا کہ کراچی میں میٹرو بس چلے گی۔ پہلے گرین یلو اورنج بسوں اور ڈیزل منصوبوں کے خواب دکھائے گئے۔ تاریخ پر تاریخ آتی رہی مگر ٹرانسپورٹ کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا۔ وفاقی حکومت کی گرین لاین میٹرو بس کے رواں سال چلنے کا امکان نہیں۔ سندھ حکومت کا ایدھی اورنج لائن بس پراجیکٹ بھی رواں سال شروع ہونا مشکل ہے۔ ایک ہزار بسوں کے لیے سرمایہ کار اعلان کرکے چلے گئے۔ اب سندھ حکومت نے دو سو بسوں کا نیا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی ابتری صرف کراچی تک محدود نہیں دیہی سندھ میں بھی چنگچی رکشوں اور پرانی گاڑیوں پر سفر کرنا لوگوں کی مجبوری بن چکی ہے۔