Saturday, April 27, 2024

کراچی، کیمیکل فیکٹری آتشزدگی سے 4 بھائیوں سمیت 16 مزدور جھلس کر جاں بحق

کراچی، کیمیکل فیکٹری آتشزدگی سے 4 بھائیوں سمیت 16 مزدور جھلس کر جاں بحق
August 27, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی کےعلاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے چار بھائیوں سمیت 16 مزدورجھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ فیکٹری میں چالیس سے زائد مزدرکام کر رہے تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی، فیکڑی سے باہر نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جو آگ لگنے کی وجہ سے بند ہوگیا تھا۔

کورنگی مہران ٹاون میں ہولناک سانحہ پیش آیا، کیمیکل فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک آٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا۔

فیکٹری سے باہر نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جو آگ لگنے کی وجہ سے بند ہوگیا، چھت پر جانے کا راستہ بھی بند تھا۔ کام کرنے والے مزدور فیکٹری میں ہی پھنس گئے۔ گراونڈ فلور پر کام کرنے والے تو باہر آگئے باقی باہر نہ نکل سکے۔

فیکٹری سے بچ نکلنے والے مزدورں نے بتایا کہ انہوں آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ پھیلتی ہی چلی گئی۔

ابتدائی اطلاع پر فائربریگیڈ کی تین سے چار گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اسنارکل کی مدد سے مزدورں کو فیکٹری کی نکالنے کی کوشش کی، تاہم فیکٹری کی کھڑکیوں پر گرل لگی ہونے کے سبب ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آئیں۔

بھاری مشینری کی مدد سے کھڑکیوں کی گرل اور دروازے توڑنے کی کوشش کی گئی۔ آگ سے جھلس کر اور دم گھٹنے سے سولہ افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایک شخص نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں اس کے چار بھائی بھی شامل ہیں۔ کہا کہ زیادہ اموات صرف ایک راستہ ہونے کی وجہ سے ہوئیں۔

لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں دیکھ کر شدت غم سے نڈھال نظرآئے۔