Sunday, May 5, 2024

کراچی کی سیاسی جماعتیں زمینیں کھانے لگیں !!! فہرستیں 92 نیوز کو موصول

کراچی کی سیاسی جماعتیں زمینیں کھانے لگیں !!! فہرستیں 92 نیوز کو موصول
June 16, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں سیاسی جماعتیں، پولیس اور کے ڈی اے قبضہ مافیاوں کی سرپرست نکلیں۔ شہر میں اسکولوں، پارکوں، نالوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضوں کی ابتدائی فہرستیں 92نیوز کو موصول ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق غریب کی ماں کہلانے والے کراچی میں غریبوں کیلئے سیاسی جماعتوں، پولیس کی کالی بھیڑوں اور کے ڈی اے افسران نے زمین تنگ کر دی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے اسکولوں، پارکوں ، نالوں اور کھیل کے میدانوں پر قبضوں کی فہرست میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ فہرست کے مطابق قبضہ مافیا کے معاون کے ڈی اے ڈائریکٹر جاوید منگی کو قتل کیا جا چکا ہے۔ سابق لینڈ ڈائریکٹر مبین، کورنگی سوک سینٹر کے ریکارڈ کا انچارج راشد، سابق ڈپٹی کمشنر کورنگی زبیر اور مختیار کار محمود قاضی قبضہ گروپوں کے معاون ہیں جبکہ سابقہ ایس ایچ او بشیر واڑھو، پولیس اہلکار یار محمد، نذیر، مراد اور اے ایس آئی عبدالرحمان بھی قبضہ مافیا کے کارندے رہے۔ فہرست میں ایم کیو ایم کورنگی سیکٹر کے سابقہ انچارج رئیس کو قبضہ مافیا کا سرغنہ قرار دیا گیا ہے جبکہ کورنگی چکرا گوٹھ میں پولیس بس پر حملے کے الزام میں گرفتار کامران عرف مادھوری بھی قبضوں میں ملوث رہا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے سب سے زیادہ قبضے کورنگی، کورنگی انڈسٹریل ایریا، زمان ٹاون اور عوامی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ پیپلزپارٹی بھی قبضوں کی سرپرستی کرتی رہی۔ جیکسن، موچکو، ملیر اور اتحاد ٹاون کی سرکاری اراضی ہڑپ کر لی گئی۔ جماعت اسلامی کی سرپرستی میں شاہ لطیف ٹاون میں قبضے کیے گئے، عوامی نیشنل پارٹی نے سعید آباد، شرافی گوٹھ، اتحاد ٹاون، سکھن اور بن قاسم میں قبضے کیے۔ فہرست میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سرپرستی میں سمندر کنارے زمین پر قبضہ ہوا جبکہ جئے سندھ قومی محاذ اور جاموٹ گروہ بھی سچل اور ابراہیم حیدری کی سرکاری زمینیں ہڑپ کر چکے ہیں۔