Friday, May 10, 2024

کراچی کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہوسکتا، شہبازشریف

کراچی کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہوسکتا، شہبازشریف
August 29, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کہتے ہیں کہ، کراچی کی خوشحالی کے بغیر پاکستان خوشحال نہیں ہوسکتا۔

کراچی میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر ن لیگ کے صد ر آبدیدہ ہوگئے، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی این اے 249 کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے، کہا شہر کے مسائل اور مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کراچی کی ٹوٹی سڑکیں پانی وتعلیم جیسی بنیادی ضرورت نہ ہونے پر افسوس ہوتا ہے، موقع ملا تو قائد کے شہر کو ہم بنائیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کراچی میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں، کہا کہ کراچی والوں نے مجھے ووٹ دیا مگر کامیاب نہ ہونے کے اسباب سب جانتے ہیں۔ بولے قائد کے شہر کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہورہا ہے۔ نوازشریف نے اس شہر کا امن لوٹایا۔

شہبازشریف نے کراچی کی تعمیر وترقی کے لئے پی ٹی آئی کے سوا تمام جماعتوں کے ساتھ چلنے کا عندیہ دیا۔

شہبازشریف نے کراچی میں سندھ بلوچستان کے کسان نمائندوں سے بھی ملاقات کی کہا ملک میں مہنگائی کا سونامی ہے۔