Friday, April 26, 2024

کراچی: کوریئر کمپنی کے گودام میں لگنے والی آگ پر ساڑھے چھے گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

کراچی: کوریئر کمپنی کے گودام میں لگنے والی آگ پر ساڑھے چھے گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا
December 25, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی میں کوریئر کمپنی کے گودام میں لگنے والی آگ پر ساڑھے چھے گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔ فائربریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا چمڑا چورنگی کے قریب کوریئرکمپنی کے گودام میں رات گیارہ بجے آگ بھڑک اٹھی جس نے چند منٹوں میں ہی چار ایکٹر پر محیط دو شیڈز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس دوران کوریئر کمپنی کا ایک ملازم زخمی ہوا۔

اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچیں تاہم آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے 12 فائربریگیڈ کی گاڑیاں منگوا لی گئیں جبکہ پاک نیوی کی تین فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچیں۔

گودام میں موبائل فونز، فریج اور ادویات کا بڑا سٹاک موجود تھا۔ آگ سے گودام کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

چیف فائر افسر تحسین احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ گودام میں جب آگ لگی تو وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ چوکیدار دیر بعد پہنچا تو فائربریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔

کوریئر کمپنی میں لگنے والی آگ پر ساڑھے چھ گھنٹوں بعد قابو پایا گیا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں جبکہ گودام میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں تھے۔