Friday, April 19, 2024

کراچی ،کورنگی میں فٹ پاتھ پر بنے ہوٹل اور دکانیں مسمار کر دی گئیں

کراچی ،کورنگی میں  فٹ پاتھ پر بنے ہوٹل  اور دکانیں  مسمار کر دی گئیں
December 15, 2018
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں تجاوزات کےخلاف مرحلہ وار آپریشن جاری ہے ، ضلع کورنگی میں کےایم سی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے  فٹ پاتھ پربنےہوٹل اوردکانیں مسمار کردیں ،ادھر شاہ عالم مارکیٹ لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے   50 سے زائد جگہوں سے تجاوزات کا خاتمہ  کردیا۔ کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ، کے ایم سی انسداد تجاوزات ٹیموں نے آج بھی صدر، لانڈھی، ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں بھاری مشینری کے ذریعے ایکشن کئے  اور فٹ پاتھ پر قائم دکانیں مسمار کردی گئیں ۔ گلستان جوہر میں شادی ہال کی بیرونی تعمیرات مسمار کردی گئیں ، آپریشن کے دوران دکانوں کے اضافی حصوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا  ، چبوترے، سن شیڈز اور دیگر غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا  ۔ نارتھ ناظم آباد اور صدر میں بھی انسداد تجاوزات ٹیم ایکشن میں رہی ،کئی علاقوں میں کارروائی سے پہلے ٹھیلے ہٹانے کیلئے اعلانات بھی کئے گئے ۔ لانڈھی نمبر 6 میں بھی کے ایم سی ٹیم نے بھاری مشینری چلادی ، فٹ پاتھ پر بنے 2 ہوٹل،5 دکانیں اور کیبن مسمار  کردی گئیں ۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں فٹ پاتھ پر قائم 12 دکانیں اور چبوترے ختم کئے گئے ۔ دوسری جانب لاہور میں بھی انتظامی مشینری حرکت میں آئی اور شاہ عالم مارکیٹ  میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے   50 سے زائد جگہوں سے تجاوزات کا خاتمہ  کردیا۔