Monday, September 16, 2024

کراچی : کورنگی روڈ پر شاپنگ مال میں بھڑکنے والی آگ لاکھوں کا سامان جلا کر بجھ گئی

کراچی : کورنگی روڈ پر شاپنگ مال میں بھڑکنے والی آگ لاکھوں کا سامان جلا کر بجھ گئی
August 6, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں کورنگی روڈ پر شاپنگ مال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ تیسرے درجہ کی آگ پر فائر بریگیڈ کے عملے نے تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں آگ لگنے کا ایک اوربڑا واقعہ پیش آیا۔ اس دفعہ آگ لگی کورنگی روڈ پر موجود شاپنگ مال میں۔ اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور امدادی کام شروع کیا مگر آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیلنا شروع ہو گئی اور شاپنگ مال کی دوسری اور تیسری منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ khi shopping mall فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجہ کا قرار دے کر مزید گاڑیاں طلب کیں اور تین گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پایا۔ چیف فائر آفیسرتحسین صدیقی کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں جبکہ فائربریگیڈ کی سولہ گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔ شاپنگ مال کے دکانداروں کے مطابق آگ لگنے کے باعث ان کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد مارکیٹ کے تاجروں کی جانب سے فائر بریگیڈ کے خلاف احتجاج کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ فائربریگیڈ نے بروقت کارروائی نہیں کی جس کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوا۔ ادھر فائربریگیڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں نے عمارت کے شیشے توڑ دیے تھے جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی جبکہ عمارت پر لگے سائن بورڈ نے بھی ریسکیو کے عمل میں رکاوٹ پیدا کی۔