Friday, March 29, 2024

کراچی کنگز نے کامیابی کو سابق کوچ آنجہانی ڈین جونز کے نام کردیا

کراچی کنگز نے کامیابی کو سابق کوچ آنجہانی ڈین جونز کے نام کردیا
November 18, 2020

کراچی (92 نیوز)پی ایس ایل فائیو کی چیمپئن کراچی کنگز  نے ٹرافی آنجہانی کوچ ڈین جونز کے نام کی ،بابر اعظم نے بھی ڈینو کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا ۔ لاہورقلندرز کے کپتان سہیل اختراپنی اور ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن رہے جبکہ ملکی اور غیر ملکی کمنیٹیٹرز نے پاکستانی ملبوسات پہن کر ایونٹ کو چارچاند لگادئیے۔

کراچی کنگز نے کامیابی کو سابق کوچ آنجہانی ڈین جونزکے نام کیا۔ فائنل کے مین آف دی میچ، ایونٹ کے بہترین کھلاڑی اوربلے باز بابر اعظم نے جذباتی ٹویٹ میں ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے  لکھا  ڈینو ، جاب ڈن کوچ ۔ بابراعظم نے کہا یہ سال ان کیلئے بہترین رہا۔

پی ایس ایل فائیو کے فاتح کپتان عماد وسیم  نے کہا پلاننگ کے مطابق کھیلے اور کامیابی ملی ۔ لاہور قلندرزکے کپتان سہیل اختر نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اپنی اورٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ۔

پی ایس ایل فائنل کے دوران کمنٹیٹرز بھی پاکستانی رنگ میں رنگے نظرآئے ،ملکی اورغیر ملکی کمنٹیٹرز نے نیلی قمیص  اور سفید شلوار زیب تن کی ۔

جونٹی رہوڈز، مارک باؤچر نے سندھی ٹوپی اوڑھی جبکہ ڈومینک کارک نے جناح کیپ پہنی،رمیز راجا اوربازید خان نے پنجاب کی روایتی پگ پہن کر میچ کی رونقیں خوب بڑھائیں۔