Monday, May 20, 2024

کراچی، کشمیر کالونی میں گھر میں آتشزدگی، 3 کم سن بہن بھائی جاں بحق

کراچی، کشمیر کالونی میں گھر میں آتشزدگی، 3 کم سن بہن بھائی جاں بحق
December 29, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی کےعلاقےمحمود آباد کشمیر کالونی میں مکان میں آگ لگنے سے تین کم سن بچے جاں بحق ایک بچی اور والدین زخمی ہوگئے۔ گھر کا سامان بھی خاکستر ہوگیا، پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ دیر سے پہنچی۔ 

محمود آباد کی کشمیر کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، صبح سویرے دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔ مکین سور ہےتھےکہ دھویں اور آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ تیزی سےپھیلتی آگ نےگھر اور گھروالوں میں باہرنکلنے کا موقع بھی نہ دیا۔

آگ لگنے سے تین بہن بھائی دم گھٹنے اور جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق بچوں میں ایک سالہ عمیمہ، پانچ سالہ ثانیہ اور چھ سالہ حمزہ شامل ہیں، جبکہ سات سالہ سلمی، والد فیاض اور والدہ سعیدہ مائی زخمی ہوگئے۔

پڑوسی نےآنکھوں دیکھا حال بتایا۔۔یہ بھی کہاکہ محلےوالوں نےاپنی مددآپ کےتحت آگ بجھائی۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ گھرکا سربراہ فیاض صبح چائے کا سامان لیکر گھر آیا اور اس کے کچھ دیر بعد آگ لگ گئی۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ کہا کہ زخمیوں کو بہترعلاج کی سہولیات فراہم کریں گے۔

آگ سے جھلس کر زخمی ہونےوالےمیاں بیوی اور بچی کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔