Wednesday, April 24, 2024

کراچی ، کالعدم تنظیم کے لئے فنڈز اکھٹا کئے جانے کا انکشاف

کراچی ، کالعدم تنظیم کے لئے فنڈز اکھٹا کئے جانے کا انکشاف
October 19, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کالعدم تنظیم کے لئے فنڈز اکھٹا کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی کالعدم تنظیم کے کارندے کراچی میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں کے ذریعے فنڈز افغانستان منتقل کرتے رہے۔ اس بات کا انکشاف چند روز قبل گلستان جوہر سے اغوا کی واردات کی تحقیقات کےدوران ہوا۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق کالعدم تنظیم کے ارکان نے گلستان جوہر سے بچے کو اغوا کیا اور ایک کروڑ تاوان افغانستان میں وصول کیا جس کے بعد تین اغواکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف سامنے آیا کہ رقم کی منتقلی کے لیے حوالہ اور ہنڈی کے ساتھ ساتھ 40 بینک اکاونٹس استعمال کیے گئے۔ اندازے کے مطابق اب تک 8 سے 10 کروڑ کی رقم افغانستان منتقل کی جا چکی ہے۔ ذرائع کےمطابق عالمی کالعدم تنظیم کا یہ نیٹ ورک کراچی سے بلوچستان اور پھر افغانستان تک پھیلا ہوا ہے۔ کالعدم تنظیم کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے آئی جی سندھ کی درخواست پر دس رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے ارکان شامل ہیں جو 15 روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔