Sunday, September 8, 2024

کراچی: کاسمیٹکس گودام میں دھماکا، ایک شخص ہلاک

کراچی: کاسمیٹکس گودام میں دھماکا، ایک شخص ہلاک
September 20, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں کاسمیٹکس کے دفتر میں زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ جس میں جھلس کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر دو گھنٹے کی جہدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا۔

بھڑکتے شعلے اور آسمان کو چھوتا دھواں یہ مناظر ہیں پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کے جہاں بنگلے میں قائم کاسمیٹیکس کے دفتر میں زور دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملی تو فائر برگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو کا عمل شروع کر دیا۔ آگ کی لپیٹ میں آ کر سلمان سولنگی جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ وہ لرز اٹھے۔

فائر برگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق پہلے دھماکہ ہوا اور پھر آگ بھڑک اٹھی۔ دفتر میں بھاری مقدار میں کیمیکل موجود تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دفتر میں کیمیکل کی موجودگی کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے ڈیڑھ گھنٹے کے بعد سی ڈی ٹی حکام اور ڈھائی گھنٹے کے بعد بم ڈسپوزل کا عملہ جائے وقعہ پر پہنچا۔ دھماکے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچے۔