Sunday, September 8, 2024

کراچی: کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام

کراچی: کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام
March 20, 2016
کراچی (نائنٹی تو نیوز) کراچی میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہو گیا۔ ملک کے معاشی اعشاریوں میں بہتری کی وجہ سے روپے کی قدر میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔ گذشتہ ہفتے انڑبینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر محض تین پیسے بڑھ سکا اور روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک سو چار روپے ستتر پیسے پر بند ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی روپے نے ڈالر کو آنکھیں دکھائیں اور ڈالر بیس پیسے سستا ہو کر ایک سو پانچ روپے ساٹھ پیسے کا ہو گیا۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں لگاتار اضافے کی وجہ سے روپے کی قدر میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں حکومت کی جانب سے کوئی بڑی ادائیگی نہ ہونے سے بھی روپے کی قدر میں مزید بہتری آئے گی۔ دوسری جانب گذشتہ ہفتے یورو ایک روپے دس پیسے بڑھ کر ایک سو انیس روپے بیس پیسے جبکہ برٹش پائونڈ ساٹھ پیسے اضافے کے بعد ایک سو باون روپے ساٹھ پیسے کا ہو گیا۔