Sunday, September 8, 2024

کراچی ، ڈیفنس میں زہریلی اشیاء کھانے سے دو بچے جاں بحق ، والدہ کی حالت تشویشناک

کراچی ، ڈیفنس میں زہریلی اشیاء کھانے سے دو بچے جاں بحق ، والدہ کی حالت تشویشناک
November 11, 2018
کراچی ( 92 نیوز ) کراچی میں زہریلی اشیاء کھانے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے جب کہ والدہ کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔ ڈیفنس زمزمہ کے  ریسٹورنٹ میں مضر صحت کھانا اور سی ویو پر  پلے لینڈ میں مضر صحت ٹافیاں کھانے سے دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے ۔ جاں بحق بچوں کی شناخت ڈیڑھ سالہ احمد اور پانچ سالہ محمد کے نام سے ہوئی ہے ، ،  والدہ عائشہ تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کراچی  پولیس  چیف ڈاکٹر امیر شیخ  خاتون کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچنے ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ریسٹورنٹ سے کھانے کے نمونےحاصل کرلیےگئے ہیں ۔ ادھر ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق متاثرہ خاندان نے ہفتے کی رات ایک ریسٹورنٹ میں کھانا اور پلے لینڈ میں ٹافیاں کھائی تھیں۔ انتظامیہ  نے ریسٹورنٹ اورپلے لینڈ کوسیل کر کے تحقیقات  شروع  کردیں۔ پولیس کے مطابق بچوں کو الٹیوں کی شکایت پر اسپتال لایا گیا، جہاں دوپہر ڈھائی بجے بچے انتقال کرگئے۔ واقعے کے بعد سندھ فوڈ اتھارٹی بھی متحرک ہوئی  اور ٹیم نے ریسٹورنٹ کا دورہ کیا اور کھانے کے نمونے حاصل کر لئے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ  جانچ پڑتال کیلئے کھانے کے نمونے لیبارٹری بھجوائیں گے ۔ وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔