Friday, April 26, 2024

کراچی ڈیفنس سے اغوا کی گئی دعا منگی گھر پہنچ گئی

کراچی ڈیفنس سے اغوا کی گئی دعا منگی گھر پہنچ گئی
December 7, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی ڈیفنس سے اغوا کی گئی دعا منگی گھر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق دعا منگی کی رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد ہوئی۔

شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس سے اغواء کی گئی دعا منگی تاوان کی ادائیگی کے بعد گھر واپس لوٹ آئی ۔ مغویہ کو ایک ہفتے قبل دوست کے ساتھ راستے سے چلتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا جبکہ اغواء کاروں نے فائرنگ کرکے نوجوان حارث کو زخمی کر دیا تھا ۔

ذرائع کا کہنا ہے مغویہ کو ڈیڑھ سے 2 کروڑ روپے تاوان دیکر اغوا کاروں کے چُنگل سے رہا کروایا گیا لیکن اہلخانہ نے تاوان ادائیگی کی تصدیق نہیں کی۔

مغوی لڑکی کی خیریت سے واپسی نے پولیس تفتیش پر سوالات اٹھا دیے ۔ دعا منگی کے اغواء اور واپس گھر آنے تک پولیس صرف اندھیرے میں تیر چلاتی رہی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے سے آگے نہ بڑھ سکی ۔ شہریوں کے رکھوالے اغواء کاروں کی گاڑی کا سراغ تک نہ لگا سکے ۔

شاطر اغواء کاروں نے وٹس ایپ کا سہارا لیکر آڈیو اور ویڈیو کالز کے ذریعے رابطے رکھے اور تفتیشی حکام کو مکمل طور پر ناکام بنائے رکھا ۔ پولیس کی ناکامی کے بعد اہلخانہ نے معاملات اپنے ہاتھ میں لیے اور تاوان ادا کرکے دعا منگی کی جان چھڑوائی ۔

چند ماہ قبل ڈیفنس سے ہی بسمہٰ کو بھی اغواء کیا گیا تھا ۔ دونوں واقعات میں بہت زیادہ مماثلت پائی گئی ۔ بسمہٰ کی رہائی کیلئے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان ادا کیا گیا تھا جبکہ ملزمان نے وٹس ایپ کالز کا سہارا لیا تھا ۔