Saturday, April 20, 2024

کراچی ، چینی قونصلیٹ پر بزدلانہ وار ناکام ، تین دہشت گرد نشان عبرت بن گئے

کراچی ، چینی قونصلیٹ پر بزدلانہ وار ناکام ، تین دہشت گرد نشان عبرت بن گئے
November 23, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے 3 دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دیا۔ بزدل دہشتگردوں نے کراچی میں  کلفٹن بلاک فور میں  چینی قونصل خانے  پرحملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو نشان عبرت بنا دیا۔ صبح نو بج کر پندرہ منٹ  پر تین حملہ آور چینی قونصلیٹ میں داخل ہوئے ۔ دہشتگردوں نے قونصلیٹ  کے سکیورٹی گارڈ پر فائرنگ کی۔ عمارت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ اطلاع ملتے ہی  پولیس  اور رینجرز کے دستے  موقع پر پہنچے۔ سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشتگرد مار گرائے ۔  کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا حملہ آور گرنیڈ اور دھماکا خیز مواد سے لیس تھے ۔ فورسز نے دہشتگردوں کو کمپاؤنڈ میں داخل نہیں ہونے دیا۔ احاطے میں ہی روکے رکھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا پاکستان کی ترقی سے خائف قوتیں یہ سب کر رہی ہیں۔ پاکستان اور چین کے مثالی تعلقات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی۔ چینی قونصلیٹ کا عملہ محفوظ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر  فیصل واوڈا چینی قونصلیٹ  پہنچے اور سفارتخانے کے عملے کے محفوظ  ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔