Monday, September 16, 2024

کراچی : پی ٹی آئی کو احتجاج مہنگا پڑگیا ، ارکان اسمبلی اور کونسلروں کے خلاف مقدمہ درج

کراچی : پی ٹی آئی کو احتجاج مہنگا پڑگیا ، ارکان اسمبلی اور کونسلروں کے خلاف مقدمہ درج
April 8, 2017
      کراچی (92نیوز)کراچی میں کلفٹن اور ڈیفنس میں پانی کی عدم فراہمی اور اضافی ٹیکس کی وصولی کے خلاف کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے الزم میں تحریک انصاف کے ایک رکن قومی اسمبلی، 3 ارکان سندھ اسمبلی اور3  کونسلرز کے خلاف درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے خلاف سی بی سی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ثمر علی خان، ڈاکٹر سیما ضیاء، کونسلر محمد اسلم، محمد احمد اور ادیبہ احسن کے خلاف درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کرادیا،کلفٹن اور ڈیفنس میں پانی کی عدم فراہمی اور اضافی ٹیکس کی وصولی کے خلاف کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں تین دن تک احتجاج اور ہنگامہ آرائی جاری رہی،  تحریک انصاف کے رہنماوں کی قیادت میں ڈیفنس اور کلفٹن کے رہائشی احتجاج اور ہنگامہ آرائی کرتے رہے۔ احتجاج کے آخری روز رکن قومی اسمبلی عارف علوی پہنچے تو احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں شدت آگئی لیکن عارف علوی اور خرم شیر زمان نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو منالیا۔ کامیاب مذاکرات کےبعد ایک ماہ میں پانی کی فراہمی یقینی بنانےاور اضافی ٹیکس کی وصولی ختم کرانے کی یقین دہانی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج ختم کردیا تھا۔