Friday, April 26, 2024

کراچی : پی ایس 127 ملیر کا ضمنی انتخاب‘ پیپلزپارٹی کا امیدوار کامیاب

کراچی : پی ایس 127 ملیر کا ضمنی انتخاب‘ پیپلزپارٹی کا امیدوار کامیاب
September 9, 2016
کراچی (92نیوز) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس ایک سو ستائیس کے ضمنی انتخاب کا معرکہ پیپلزپارٹی نے مار لیا۔ نائنٹی ٹو نیوز کو موصول ہونے والے غیرسرکاری‘ غیرحتمی نتائج کے مطابق پی ایس 127 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار غلام مرتضیٰ بلوچ 21,214 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔ ان کے حریف ایم کیو ایم کے وسیم احمد نے 15,212 ووٹ حاصل کیے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق حلقے میں ووٹنگ کا ٹرن آﺅٹ دس فیصد رہا۔ قبل ازیں پی ایس 127 ملیر میں پولنگ کا آغاز حسب روایت 30 منٹ تاخیر سے ہوا۔ پولنگ بلاتاخیر شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ صوبائی اسمبلی کی مذکورہ سیٹ پر ایم کیو ایم کے وسیم احمد، پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ بلوچ اور تحریک انصاف کے ندیم میمن مدمقابل تھے۔ حلقے میں دو لاکھ سات ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں ایک لاکھ سولہ ہزار سے زائد مرد جبکہ اکیانوے ہزار خواتین شامل ہیں۔ مردوں کیلئے دوسو تریپن جبکہ خواتین کیلئے دوسو چونتیس بوتھ بنائے گئے تھے جبکہ انچاس پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ پولنگ کے موقع پر اگرچہ سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے مگر پھر بھی کئی جگہوں پر لڑائی جھگڑوں کے واقعات بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایک سو ستائیس کی سیٹ اشفاق منگی کی جانب سے ایم کیوایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے پر خالی ہوئی تھی۔