Saturday, April 20, 2024

کراچی پھر بادل برسنے سے ڈوب گیا، حادثات میں خواتین بچوں سمیت 18 جاں بحق

کراچی پھر بادل برسنے سے ڈوب گیا، حادثات میں خواتین بچوں سمیت 18 جاں بحق
August 28, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی پھر بادل برسنے سے ڈوب گیا، حادثات میں خواتین بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کراچی میں پھر بادل برس پڑے، گلشنِ حدید، ملیر، کاٹھور، اسٹیل ٹاؤن اور بھینس کالونی میں شدید بارش ہوئی، گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی بھی تاحال شہر میں موجود ہے۔ کراچی والوں وہ مناظر دیکھے آج سے پہلے کبھی نہ دیکھے تھے، گاڑیاں، کنٹرینرز پارش کے پانی میں تیرتے اور موٹر سائیکلیں ڈوبی نظر آئیں۔ شاہراہ فیصل ڈرگ روڈ انڈر پاس میں اب بھی بارش کا پانی موجود ہے، شہریوں نے انڈر پاس کو سوئمنگ پول بنادیا، شہریوں کی انڈر پاس میں ڈوبکیاں اور تیراکی جاری ہے۔ شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے، سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی، کئی علاقوں میں سگنل غائب ہوگئے۔ سوشل نیٹ ورکنگ جام ہونے کے باعث شہریوں کے رابطے منقطع ہوگئے۔ شہر میں مختلف حادثات میں خواتین بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات سے 4 لاشیں ملیں، سپرہائی وے بس اڈا، ہاکس بے برساتی نالے، پنجاب چورنگی انڈر پاس، کورنگی ندی سے لاشیں ملی، لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب لیاقت آباد کی سڑک پر گڑھے میں جمع ہونے والے پانی میں شہری ڈوب کرجاں بحق جاں بحق شہری کی لاش کوپولیس نے جدودجہد کے بعد نکال لیا۔ کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد دریاوں میں طغیانی، پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ دریاوں میں سیلابی صورتحال پر محکمہ موسمیات نے سیلاب الرٹ جاری کردیا۔ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 231 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سرجانی میں 195 کیماڑی میں 170 نارتھ کراچی میں 168 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گڈو اور سکھر کے مقام پر سیلابی صورتحال پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ ہنگامی مراسلہ جاری کردیا گیا۔ حکومت نے ضلع ملیر کے دو سب ڈویژنز ابراہیم حیدری اور مراد میمن کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ مون سون کا ایک اور سسٹم کل سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والاہوا کا کم دباؤ کل سندھ میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ کل سے سوموار کے دوران کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد اور دادو میں بادل مزید برسیں گے۔