Friday, April 26, 2024

کراچی: پولیس کی کارروائیوں میں چار افراد ہلاک جبکہ غیرملکیوں سمیت چھ افراد گرفتار

کراچی: پولیس کی کارروائیوں میں چار افراد ہلاک جبکہ غیرملکیوں سمیت چھ افراد گرفتار
April 17, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں پولیس نے مختلف کارروائیوں میں دو ڈاکوؤں اور دو دہشتگردوں سمیت چار افراد کو ہلاک جبکہ غیرملکیوں سمیت چھ افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ لسبیلہ میں آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ کراچی کے علاقے موچکو کے قریب پولیس سے مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے جو کہ پولیس پر حملوں میں ملوث تھا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ادھر کلفٹن تھانہ بوٹ بیسن کی حدودمیں دو ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے جو علاج کے دوران ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں فرنٹیئر کالونی میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے چار غیرملکیوں سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی اورنگی علی آصف کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک موٹر سائیکل، ایک کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ کورنگی زمان کالونی میں پولیس نے کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر اعجاز عرف کالا گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر پولیس اہلکار کے قتل سمیت بیس سے زائد کاررائیوں میں ملوث تھا۔ لسبیلہ میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کے دو سو سے زیادہ اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔