Saturday, May 4, 2024

کراچی ، پولیس کی اساتذہ پر آنسو گیس کی شیلنگ ، ایک ٹیچر کی حالت غیر

کراچی ، پولیس کی اساتذہ پر آنسو گیس کی شیلنگ ، ایک ٹیچر کی حالت غیر
March 28, 2019

 کراچی (92 نیوز) سندھ پولیس نے سرکاری اساتذہ پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی کرنے پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سےایک ٹیچر کی حالت غیر ہو گئی۔

 گورنمنٹ سندھ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اساتذہ نے مستقلی، ترقی، ٹائم اسکیل سمیت آٹھ مطالبات  کی منظوری کے لیے کراچی پریس کلب پر دھرنا دیا۔

 اساتذہ کے مطالبات ماننے کیلئے صوبائی وزیر تعلیم یا کسی حکومتی نمائندے نے لفٹ نہ کرائی تو اساتذہ نے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی شروع کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھیوں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 5 اساتذہ زخمی ہو گئے۔

رینجرز کی انٹری پر اساتذہ دوبارہ پریس کلب پر جمع ہو گئے اور جمعے سے سندھ بھر کے سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

جی ڈی اے کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی پریس کلب پر پہنچی اور اساتذہ پر پولیس کے تشدد پر بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

  گورنمنٹ سندھ ٹیچر ایسو سی ایشن کا کہنا ہے تمام مطالبات کی منظوری تک پریس کلب پر دھرنہ جاری رہے گا۔

 سندھ کے سرکاری اساتذہ پر پولیس کے تشدد کے معاملے پر اپوزیشن کے علاوہ بلاول بھٹو نے بھی مذمت کر دی۔ کہا پُرامن مظاہرین کیخلاف ایسا اقدام ناقابل برداشت ہے۔ گرفتار اساتذہ کو رہا کیا جائے۔ لاٹھی چارج نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ادھر نصرت سحر کا کہنا ہے بلاول نے والد اور پھوپھی کو بچانے کیلئے ٹرین مارچ کیا۔ ان کی حکومت نے اساتذہ کے ساتھ ظلم کیا۔