Sunday, September 8, 2024

کراچی: پولیس کارروائیوں میں چار ڈاکوئوں سمیت بارہ ملزم گرفتار، سیاسی جماعت کے کارکن بھی شامل

کراچی: پولیس کارروائیوں میں چار ڈاکوئوں سمیت بارہ ملزم گرفتار، سیاسی جماعت کے کارکن بھی شامل
January 22, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں  نے مختلف کارروائیوں میں چار ڈاکوؤں سمیت بارہ ملزم گرفتار کر لئے ہیں۔ گرفتار ہونیوالوں میں سیاسی جماعت کے کارکن بھی شامل ہیں۔ شہر میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق رنچھوڑ لائن، عثمان آباد اور رامسوامی میں  ٹارگٹڈ کارروائی کر کے چار افراد کو حراست میں لیا گیا جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ماڑی پور روڈ پر پولیس مقابلے  میں  ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ کلفٹن میں بھی پولیس نے کارروائی کے دوران ایک ملزم گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، 16 موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ہیں۔ شیر شاہ پنکھا ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ جوبلی سنیما کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔ لانڈھی نمبر ایٹی نائن میں پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے تین ڈاکووں کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ اسی طرح گارڈن کے علاقے میں بھی پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ رضویہ میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملوموں کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سےاسلحہ، لوٹا ہوا سامان اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔