Saturday, April 20, 2024

کراچی پولیس کا عباسی شہید اسپتال میں چھاپہ ، کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیوز قبضے میں لے لیں

کراچی پولیس کا عباسی شہید اسپتال میں چھاپہ ، کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیوز قبضے میں لے لیں
October 30, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی پولیس نے رات گئے عباسی شہید اسپتال میں چھاپہ مارا اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے دروازے کا تالہ توڑ کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیوز اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔ کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال عباسی شہید میں پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ جانیوالے راستے بند کرکے 20 سے زائد موبائل اور موٹر سائیکلوں کے ساتھ سرچ آپریشن کیا۔ ڈاکٹرز اپارٹمنٹس اور ٹراما سینٹر کی تلاشی لی اور تین افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام پولیس موبائلز پر لکھے تھانوں کے ناموں اور نمبر پلیٹز کو چھپایا ہوا تھا۔ سرچنگ کے دوران آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈمنسٹریٹر نجف علی کے کمرے میں توڑ پھوڑ کی گئی اور کمرے سے متعدد کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیوزاور دستاویزات اپنے قبضے میں لے لیےگئے ۔ دوسری جانب اسپتال کے سٹی وارڈنز نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے دوران سرچ آپریشن ان پر تشدد کیا ہے۔ مئیر کراچی اور آئی جی سندھ واقعہ کا نوٹس لیں۔