Thursday, May 9, 2024

کراچی پولیس چیف کا گداگر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ

کراچی پولیس چیف کا گداگر مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ
January 28, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی پولیس چیف نے شہر میں سرگرم گداگروں کو مافیا قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ، ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کہتے ہیں کہ دیگر صوبوں سے جرائم پیشہ افراد کراچی آکر وارداتیں کرتے ہیں۔

کراچی میں گداگری میں ملوث عناصر  مافیا کی صورت اختیار کرچکے ہیں، بھکاری مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن  کی حکمت عملی مرتب کی ہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن ڈی آئی جی ٹریفک آفس میں تقریب سے خطاب میں بولے کہ گداگری سے متعلق سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے ۔

کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ شہر میں چودہ سو کے لگ بھگ منشیات فروش موجود ہیں جن میںسے ساٹھ فیصد کو گرفتار کیا جا چکا ہے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کراچی پولیس کا وارداتوں کا سراغ لگانے کا تناسب سب سے بہتر ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر میں فینسی نمبر پلیٹس، پریشر ہارن اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر مہم چلانے پر ٹریفک پولیس کو بھی سراہا۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم کے دوران دس روز میں ڈھائی ہزار سے زائد گاڑیوں سے پریشر ہارن اور دو ہزار سے زائد گاڑیوں کی فینسی نمبر پلیٹس اتاری گئیں، جبکہ چھ ہزار سے زائد چالان بھی کیے گئے۔