Tuesday, April 16, 2024

کراچی : پولیس و رینجرز کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن‘ 33 مشتبہ افراد گرفتار

کراچی : پولیس و رینجرز کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن‘ 33 مشتبہ افراد گرفتار
September 21, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں جہانگیر روڈ بلوچ پاڑہ اور لانڈھی میں پولیس اور رینجرز نے آپریشن کے دوران 33 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 6 جرائم پیشہ افراد کو بھی دھر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اور رینجرز کو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تو بھاری نفری نے جہانگیر روڈ سے متصل بلوچ پاڑہ میں گھر گھر سرچ آپریشن کیا اور 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی جمشید کوارٹرز کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے بعض افراد سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی۔ حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش کی جاری ہے۔ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ لانڈھی میں پولیس نے چھاپوں کے دوران 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے تاہم کسی سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔ ادھر ڈیفنس فیز ٹو میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فیاض عرف ببلی ڈیفنس اور کورنگی میں 70 سے زائد سٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرچکا ہے جبکہ کورنگی میں دو فراد کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ دوسری جانب ماڑی کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کا تعلق گینگ وار سے ہے۔ ملزموں سے اسلحہ‘ مسروقہ موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی جبکہ ایک اور واقعے میں پرانی سبزی منڈی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی۔