Friday, April 26, 2024

کراچی : پولیس اہلکار قتل کر کے بھاگنے والا ٹارگٹ کلر پکڑا گیا‘ دوسرے کی تلاش جاری

کراچی : پولیس اہلکار قتل کر کے بھاگنے والا ٹارگٹ کلر پکڑا گیا‘ دوسرے کی تلاش جاری
October 2, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز نے کارروائی کرکے دو روز قبل پولیس اہلکاروں کوقتل و زخمی کرکے فرار ہونے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ادھرکے بی آر کالونی سے قانون نافذکرنے والے اداروں نے سیاسی جماعت کے کارکن کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کورنگی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور عبد المالک بنگالی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم 30 ستمبر کو عدالت سے واپسی پر دو پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناکر ساتھی سمیت فرار ہوگیا تھا۔ ملزم کا دوسرا ساتھی امتیاز تاحال مفرور ہے۔ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی کو پولیس اہلکار یوسف لودھی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزموں کو پرائیویٹ گاڑی میں عدالت سے واپس پر کورنگی صنعتی ایریا لایا جارہا تھا۔ اس دوران ملزموں نے کورنگی کازوے پر گاڑی میں فائرنگ کرکے پولیس اہلکار رفیق اور دائم کو زخمی کیا۔ سرکاری اسلحہ اٹھایا اور موٹر سائیکل چھین کرفرار ہو گئے۔ واقعہ میں غفلت اور لاپروائی برتنے پر اے ایس آئی واسع جوکھیو کو بھی گرفتار کیا گیا ہے اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملزموں کے فرار میں اے ایس آئی واسع نے معاونت کی ہے۔