Saturday, April 20, 2024

کراچی: پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکار بدستور دہشتگردوں کے نشانے پر، پولیس اہلکار کو موت کی نیند سلا دیا گیا

کراچی: پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکار بدستور دہشتگردوں کے نشانے پر، پولیس اہلکار کو موت کی نیند سلا دیا گیا
October 18, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) کراچی میں پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بدستور دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں۔ کریم آباد گوشت مارکیٹ کے قریب پولیس اہلکارکو موت کی نیند سلا دیا گیا۔ دہشت گردوں نے عزیز آباد کے علاقے کریم آباد گوشت مارکیٹ کے نزدیک پولیس اہلکار تابش کو قتل کر دیا۔ شہید اہلکار کو چار گولیاں ماری گئیں۔ مقتول تابش عزیز بھٹی تھانے کا اہلکار اور ناظم آباد گول مارکیٹ میں سکیورٹی ڈیوٹی مامور تھا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ادھر حب ریور روڈ پر اسٹریٹ کرمنلز نے ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر کو بھی نہ بخشا۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سب انسپکٹر الطاف کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کر دیا گیا۔ْ دوسری جانب لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ادھر اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں فائرنگ سے ظہور نامی شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔