Friday, March 29, 2024

کراچی پر ایم کیو ایم کی گرفت کمزور ہو گئی: نیویارک ٹائمز

کراچی پر ایم کیو ایم کی گرفت کمزور ہو گئی: نیویارک ٹائمز
April 16, 2015
نیویارک(ویب ڈیسک)امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے اندر بغاوت نے سر اٹھا لیا ہے،پارٹی کے کئی اہم عہدیدار اب قیادت کی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق صولت مرزا کے ویڈیو بیان اور نائن زیرو پر رینجرزکے چھاپے کے بعد کراچی پر ایم کیو ایم کی گرفت کمزور ہوئی ہے جبکہ پارٹی کے اندر الطاف حسین کے خلاف بغاوت بھی پھوٹ رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے قیادت کی تبدیلی کی وکالت شروع کر دی ہےجو پہلے ممکن نہ تھی کئی عہدیدار بدلتی ہوئی صورتحال کے تحت خود کو بدل رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے کئی رہنما پس پردہ بات چیت میں ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں جو ایم کیو ایم مخالفین کا وطیرہ رہے ہیں۔ ایک ایم کیو ایم رہنما نے اعتراف کیا کہ حالیہ واقعات کے بعد خوف ختم ہو گیا ہے،پارٹی کا عسکری ونگ کنفیوژڈ اور پریشان ہے۔ الطاف حسین ٹیلیفونک خطاب میں منتشر الخیالی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں ایک لمحے کچھ کہتے ہیں تو دوسرے لمحے کچھ ایسے شخص کی ہدایات کون مانے جو صبح کچھ کہتا ہے دوپہر کو کچھ۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق بغاوت پر آمادہ ایم کیو ایم کے کچھ رہنما الطاف حسین کی متلون مزاجی سے بھی نالاں ہیں۔ الطاف حسین ٹیلیفونک خطاب میں کیا کہہ ڈالیں گھنٹوں پر محیط خطاب کا دورانیہ خوشی کا ہوگا یا اداسی بھرا یہ غیر یقینی صورتحال بھی ایم کیو ایم کے چند رہنمائوں کیلئے سوہان روح ہے۔