Friday, September 20, 2024

کراچی: پاکستان ایئرویز کے امور تین سرکاری ملازمین کے حوالے، ایس ای سی پی کے مطابق نئی ایئرلائن کے دفتر کا پتہ  بھی نامکمل

کراچی: پاکستان ایئرویز کے امور تین سرکاری ملازمین کے حوالے، ایس ای سی پی کے مطابق نئی ایئرلائن کے دفتر کا پتہ  بھی نامکمل
March 5, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) نئی فضائی کمپنی پاکستان ایئرویز کے امور تین سرکاری ملازمین چلائیں گے۔ ایس ای سی پی کے مطابق کراچی میں غیرمعروف بلڈنگ میں قائم نئی ائرلائن کے دفتر کا پتہ  بھی ادھورا ہے۔ جہاز ابھی اڑے نہیں دفتر ابھی کھلا نہیں لیکن تین سرکاری افسران نئی فضائی کمپنی کی دیکھ بھال کے لیے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو اٹھارہ فروری کو جمع کروائی گئی دستاویزات کےمطابق نئی ایئرلائن پاکستان ایئرویز کا مرکزی دفتر کراچی کے علاقے صدر میں قائم جمیل چیمبر نامی غیرمعروف بلڈنگ میں قائم کیا گیا۔ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں درج پتہ میں آفس کا نمبر اور فلور بھی درج نہیں۔ ایئرلائن کے دفتر کا مکمل پتہ بھی ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کے وقت فراہم نہیں کیا گیا۔ رجسٹریشن کے وقت تین سرکاری افسران کا نام ایئرلائن امور چلانے کیلئے درج کروایا گیا جن میں سیکریٹری فنانس وقار مسعود خان، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الٰہی اور ایڈیشنل سیکریٹری فنانس نور احمد کے نام ڈائریکٹر مینجمنٹ ایجنٹ کے طور پر درج کیے گئے۔ ایس ای سی پی کے پاس پاکستان ایئرویز کا میمورینڈم آف آرٹیکل، بورڈ ممبران اور دیگر انتظامی افسران کی نامزدگیاں بھی موجود نہیں۔ ذرائع کے مطابق ایئرلائن کی نامکمل اور مبہم تفصیلات کی فراہمی کا مقصد ایئرلائن کے امور پر پردہ ڈالنا ہے۔