Thursday, April 25, 2024

کراچی، پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے ٹرک زمین میں دھنس گیا

کراچی، پانی کی پائپ لائن پھٹنے سے ٹرک زمین میں دھنس گیا
November 23, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی۔ پائپ لائن پھٹنے سے ٹرک زمین میں دھنس گیا۔ جسے 4 گھنٹے بعد نکالا جاسکا جبکہ واٹر بورڈ عملہ چھٹی منانے میں مصروف ہے اور مرمتی کام بھی شروع نہیں کیا جاسکا۔ کراچی کی سڑکیں اور واٹر بورڈ کا نظام جواب دینے لگا، ضلع سینٹرل کی اہم ترین سڑک واٹر بورڈ کی غفلت کا شکارہے۔ پانی کی لائن پھٹ جانے سے سڑک کا ایک حصہ تباہی کا منظر پیش کرنے لگا اور ہزاروں گیلن صاف پانی بھی ضائع ہوا۔ 3 دن پہلے پھٹنے والی پانی کی لائن سے سڑک کا ایک حصہ بھی دھنس گیا جس میں پھنسنے والا بجری کا ٹرک 2 گھنٹے سے زائد وقت کے بعد نکالا جاسکا جبکہ پولیس اور شہری مل کر گاڑیوں کو دھکے لگاتے رہے۔ واٹر بورڈ حکام کے مطابق لیاقت آباد سی ون ایریا میں آنے والی 8 انچ قطر کی لائن کچھ دن پہلے تبدیل کی گئی تھی، شاہراہ پاکستان سے گزرنے والی لائن سے دوبارہ لیکج ہوئی جس کے باعث پانی کا رساؤ ہوا۔ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تو دفاتر اور کام پر جانے والے شہری رُل گئے۔ اذیت میں مبتلا شہری حکومت پر برس پڑے۔ سب انسپکٹر محمد حسین کا کہنا ہے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے صرف ایک لین کو کھولا گیا۔ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے پانی کی لائن اور سڑک کی مرمت ہوتے ہی ٹریفک بحال کردی جائے گی۔