Saturday, May 18, 2024

کراچی ، پانی کی لائن ڈالنے کے تنازع پر فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکن رمضان گھانچی زخمی

کراچی ، پانی کی لائن ڈالنے کے تنازع پر فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکن رمضان گھانچی زخمی
January 25, 2019
 کراچی (92 نیوز) لیاری میں پانی کی لائن ڈالنے کے تنازع پر فائرنگ سے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی زخمی ہو گئے۔ کراچی میں پانی کے لئے جھگڑے شروع ہو گئے۔ لیاری کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں پانی کے تنازع پر فائرنگ ہو گئی۔ فائرنگ سے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی زخمی ہو گئے۔ رمضان گھانچی کو پہلے سول اور بعد میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا تھا فائرنگ کا واقعہ پانی کی لائن پر تنازعے کے باعث پیش آیا۔ خرم شیر زمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدار سلیمان سومرو اور ان کے بیٹوں نے رمضان گھانچی پر فائرنگ کی۔ نیپئر تھانے میں چار ملزمان کے خلاف اقدام قتل اور جھگڑے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے دو ملزمان سلیمان سومرو اور ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان مفرور ہیں۔ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لوگوں نے رمضان گھانچی کو زخمی کیا۔ واٹر بورڈ کو فیصلہ کرنا چاہیے تھا کہ پانی کی تقسیم کیسے ہو گی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پانی کے تنازع پر جنگیں نہ شروع ہو جائیں۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پانی کے معاملے پر جھگڑا نہیں ہونا چاہے تھا۔ یہ بھی کہا کہ رکن سندھ اسمبلی کا کام پانی کی لائین ڈلوانا نہیں ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی کی ذمہ داری واٹر بورڈ کی ہے۔ اس کے کام میں مداخلت درست نہیں۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نےکہا لوگوں کو پانی دینا چاہتے ہیں تو 18 ویں ترمیم آڑے آجاتی ہے۔ پانی کا معاملہ یہاں تک پہنچ گیا کہ اس پر بندوقیں اٹھ رہی ہیں۔ گورنر سندھ نےایم پی اے رمضان گھانچی کی اسپتال میں عیادت کی۔ پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کو گولیاں مار کر ہاف فرائی کر دیا گیا۔ پورے صوبے کے لوگ پیاسے ہیں۔ حلیم عادل شیخ مزید بولےال ذوالفقار سے گینگ وار تک پیپلزپارٹی کا پس منظر سب جانتے ہیں۔ سندھ میں پانی کی تقسیم غلط ہےغریب آبادگار کو پانی نہیں ملتا۔