Friday, April 19, 2024

کراچی پانی پانی ، شہری پریشان کہ کہاں کریں قربانی

کراچی پانی پانی ، شہری پریشان کہ کہاں کریں قربانی
August 12, 2019
کراچی ( 92 نیوز) موسلا دھار بارش نے پورے کراچی کو ڈبو دیا، بڑی شاہرات اور گلی محلے پانی سے بھر گئے ،  جس سے شہری پریشان ہو گئے  ، ان کا کہنا ہے کہ پورا شہر پانی پانی ہے  ، قربانی کہاں کریں ۔ شکائتیں ،حکائتیں ،وضاحتیں سب بارش ساتھ بہا کر لے گئی ، موسلادھار بارش نے پورے کراچی کو ڈبودیا،بڑی شاہراہیں اور گلی محلے پانی سے بھرگئے، کئی سڑکیں بیٹھ گئیں، انڈر پاسز میں پانی جمع، گاڑیاں بند ہوگئیں،کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں خاتون سمیت دس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ پورے شہر  میں پانی  کی خوفناک صورتحال سے  کراچی کے شہری  پریشان ہیں ، کہتے ہیں پورے شہر پانی پانی ہے قربانی کہاں کرینگے ، بارش نے شہر کو تالاب میں بدل دیا ہے، شہریوں کو نماز عید کی ادائیگی اور سنت ابراہیمی کے لئے خشک مقامات تلاش کرنا پڑیں گے،بارش کی وجہ سے کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری بھی متاثر ہوئی،کئی شہری منڈی پہنچ ہی نہ سکے،شہر کے اکثر علاقے ابھی تک ڈوبے ہوئے ہیں۔ بارش کے باعث سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہے، گلستان جوہر ،سرجانی ٹاؤن ،ملیر لانڈھی اورکورنگی میں  نہ صرف پانی گھروں  بلکہ مساجد میں بھی داخل ہوچکاہے۔ محکمہ  موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں کل سے اب تک سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 192اورسب سے کم  کیماڑی میں 116 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ سرجانی ٹاون میں 187 ،مسرور بیس پر162،جناح ٹرمینل کے اطراف152ملی میٹر بارش ہوئی۔