Thursday, April 25, 2024

کراچی : ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی ، عملے نے دیواروں سے کود کر جاں بچائی

کراچی : ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی ، عملے نے دیواروں سے کود کر جاں بچائی
March 10, 2017
کراچی(92نیوز)کراچی کے علاقے لانڈھی میں ٹیکسائل فیکٹری میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر کی فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیامگر ایک بار بھر روایتی سستی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ تفصیلات کےمطابق لانڈھی نمبر دو کے قریب واقع ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی چلی گئی ۔ آگ لگنے کے باعث دھویں کے سیاہ بادل آسمان پر چھا گئے ۔ آگ دوپہر کے وقت لگی جب فیکٹری کا بیشترعملہ نماز جمعہ کی وجہ سے موجود نہ تھا اور جو لوگ موجود تھے ۔ انہوں نے دیواریں کود کر جان بچائی ۔ فیکٹری کے عملے کے مطابق فوری اطلاع کے باوجود فائر بریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا ۔ ایک گھنٹے تک فائر بریگیڈ کی صرف  دو گاڑیاں امدادی کاموں میں مصروف رہیں جبکہ آگ پھیلتی ہی چلی گئی ۔۔ فائر بریگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے تمام فائر ٹینڈر طلب کرلیے ۔ پولیس کے مطابق عوام کی بڑی تعداد موجود ہونے کے باعث ریسکیو کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق بارہ سے زائد فائرٹینڈر دو باؤزر ، اسنارکل اور ایک شاول امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیکٹری میں آگ دھاگے کو لگی تھی جو جل کر خاکستر ہوگیا ۔