Saturday, April 20, 2024

کراچی ٹیسٹ کے ہیرو اسپنر نعمان علی کی شاندار کارکردگی کی دھوم

کراچی ٹیسٹ کے ہیرو اسپنر نعمان علی کی شاندار کارکردگی کی دھوم
January 29, 2021

کراچی (92 نیوز) جنوبی افریقہ کیخلاف کراچی ٹیسٹ کے ہیرو اسپنر نعمان علی کی شاندار کارکردگی کی دھوم مچ گئی۔ ڈیبیو میچ کی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

34 سال سے زائد عمر کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنانے والے اسپنر نعمان علی جدوجہد، لگن اور مستقل مزاجی کی مثال بن گئے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں سالہا سال سے بیسٹ پرفارمنس دینے والے نعمان علی نے جنوبی افریقہ کیخلاف ڈیبیو میچ میں سات وکٹیں حاصل کرکے اپنی دھاک بٹھا دی۔

نعمان علی ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے بارہویں پاکستانی کھلاڑی اور چوتھے اسپنربن گئے۔

نعمان علی کے اہلخانہ انکی کامیابی پر خوشی سے نہال نظر آئے۔ کرکٹ دیوانوں نے بھی نعمان علی اور قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

نعمان علی نے 14 سال تک مختلف ٹیموں کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تاہم انہیں ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع جنوبی افریقہ کیخلاف ملا۔