Tuesday, May 21, 2024

کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو 476 رنز کا ہدف دیدیا

کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے سری لنکا کو 476 رنز کا ہدف دیدیا
December 22, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز 555 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کردی اور مہمان ٹیم سری لنکا کو جیت کے لیے 476 رنز کا ہدف دیدیا۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ابتدائی چاروں بلے باز وں نے سنچریاں سکور کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ قو می ٹیم نے آج کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز 395 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے فارم میں واپس آتے ہوئے ایک سال بعد سنچری سکور کی۔ انہوں نے 118 رنز کی اننگز تراشی جس میں 13 چوکے بھی شامل تھے۔ کپتان اظہرعلی سری لنکن باﺅلر ایمل دینیا کی گیند پردیک ویلا کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے۔ نائب کپتان بابر اعظم نے بھی سنچری مکمل کی اور 100 رنز بناکر ناقابل شکست ہیں جبکہ ان کا ساتھ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان دے رہے ہیں جو 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز نے بھی سنچریاں سکور کیں، شان مسعود 135اور عابد علی 174 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم سری لنکا کی جانب سے کمارا نے 2 جبکہ ایمبل دینیا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 191 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئی جبکہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئی اور اسے پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 80 رنز کی برتری ملی۔ پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم سری لنکا کے خلاف 475 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں دوسری بڑی اوپننگ شراکت کا قومی ریکارڈ بھی بنا۔