Monday, May 13, 2024

کراچی ٹیسٹ، پاکستان 191 رنز پر آﺅٹ، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز

کراچی ٹیسٹ، پاکستان 191 رنز پر آﺅٹ، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز
December 19, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طورپر فلاپ ہوگئی، 191 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنالئے۔ مہمان ٹیم کو 127 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا میں لڑکھڑا گئی۔ اوپنر شان مسعود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 15 گیندیں کھیل کر 5 اسکوربنا کر فرنینڈو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 24 اوورز میں 3 وکٹیں گنوا کر 72 رنز بنائے۔ اس مو قع پر مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم 27 اور اسد شفیق ایک رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے کے بعد دونوں مڈل آرڈربلے بازوں نے محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور بورڈ کو آگے کی جانب دھکیلتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لئے 62 کی شراکت داری قائم کی۔ مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم 40 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 60 کے انفرادی سکور پر لستھ ایمبل دینیا کی گیند پر اسٹمپ آﺅٹ ہوئے۔ ان کے آﺅٹ ہونے کے بعد پاکستانی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی گئیں۔ حارث سہیل محض 9 رنز بنا کر لستھ ایمبل دینیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پہلی گیند کھیلتے ہوئے چوکا لگایا اور اگلی گیند پر کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے ، وہ کمارا کا شکاربنے۔ اگلی ہی گیند پر یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے کمارا ہی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو کر رخصت ہوئے۔ محمد عباس نے 9 گیندیں کھیلیں مگر کوئی رن نہ بنا پائے، وہ ڈی سلوا کی گیند پر لستھ ایمبل دینیا کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ چوتھے نمبر پر آنیوالے بلے باز اسد شفیق نے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور قومی ٹیم کی جانب سے ٹاپ سکورر بھی رہے، وہ کماراکی گیند پر فرنینڈو کو کیچ تھما بیٹھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی آئوٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی تھے، انہوں نے 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 5 اسکور بنائے، غیرذمہ دارانہ شارٹ کھیلتے ہوئے لستھ ایمبل کی گیند پر ڈی سلوا کو کیچ تھما دیا۔ نسیم شاہ ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عابد علی، بابر اعظم اور اسد شفیق کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔ سری لنکا کی جانب سے لہیروفرنینڈو نے 18 اوورز میں 49 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ لستھ ایمبل دینیا نے 20.3 اوورز میں 71 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ وشوا فرنینڈو کے ہاتھ 2 وکٹیں آئیں۔ ؎جواب میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنالیے۔ میزبان سائیڈ کی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں اور اسے 127 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز بھی مایوس کن رہا۔ 28 کے مجموعی سکور پر اوپنر اوسادا فرنینڈو 19 گیندیں کھیل کر 4 کے انفرادی سکور پر پیسر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد دوسرے اوپنر دموت کرونا رتنے 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 25 رنز بنا کر محمد عباس کی گیندپر بولڈ ہوگئے۔ سری لنکا کی ٹیم کو تیسری وکٹ کا نقصان کوشال مینڈس کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 13 رنز بنا کر محمدعباس ہی گیند پر حارث سہیل کو کیچ پکڑا کر پویلین لوٹ گئے۔ کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر سری لنکن مڈل آرڈر بلے باز انجیلو میتھیوز 8 جبکہ نائٹ واچ مین لستھ ایمبل دینیا 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین راولپنڈی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بارش اور خراب روشنی کے باعث بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔