Saturday, April 20, 2024

کراچی ٹریفک پولیس کا بارہ ربیع الاول کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری

کراچی ٹریفک پولیس کا بارہ ربیع الاول کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری
December 1, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی میں ٹریفک پولیس نے بارہ ربیع الاول کے لئے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
جشن عید میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں دعوت اسلامی کا مرکزی جلوس صبح دس بجے ککری گراونڈ لیاری سے نکلے گا۔ جلوس محبت خان روڈ جماعت خانہ سے ہوتا ہوا ٹاور اور میمن مسجد پر اختتام پزیر ہو گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے راستے ٹریفک کے لئے بند رہیں گے۔ ایک جلوس مولانا اصغر درس کی قیادت میں میمن مسجد سے نکلے گا۔ جلوس آرام باغ پر اختتام پزیر ہو گا۔
اہلسنت و الجماعت کا جلوس مولانا شاہ عبد الحق کی قیادت میں میمن مسجد سے شروع ہو کرنشتر پارک پہنچے گا۔ جلوس کی گزر گاہوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا۔
سنی تحریک کا مرکزی جلوس مرکز اہلسنت سے شروع ہو کر نمائش چورنگی پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ اس کے علاوہ سکھر، حیدر آباد اورمیر پورخاص میں بھی موبائل فون خاموش رہیں گے۔