Saturday, April 20, 2024

کراچی ٹرانسپورٹرز کا کل ہڑتال، گاڑیاں گورنر ہاؤس پر کھڑی کرنیکا اعلان

کراچی ٹرانسپورٹرز کا کل ہڑتال، گاڑیاں گورنر ہاؤس پر کھڑی کرنیکا اعلان
July 9, 2019
کراچی(ویب ڈیسک )کراچی کے ٹرانسپورٹروں نے سی این جی کی قیمتوں ،موٹروہیکل ٹیکس اورپرمٹ فیس میں اضافے کیخلاف کل بدھ 10جولائی کوہڑتال کرنے کااعلان کردیا جبکہ 10جولائی کی شام چاربجے گاڑیاں احتجاجاًگورنر ہاؤس پرکھڑی کی جائیں گی۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کاہنگامی اجلاس زیرِ صدارت سید ارشاد حسین شاہ بخاری منعقد ہوا ،جس میں اتحاد میں شامل تنظیموں کے علاوہ سندھ اونرزایسوس ایشن سندھ، ایئرکنڈیشنڈبس اونرزایسوسی ایشن،سندھ بلوچستان بس اونرزایسوسی ایشن، سندھ وین اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ یکم جولائی سے سی این جی کی قیمتوں میں20روپے اضافہ،موٹروہیکل ٹیکس اورپرمٹ کی فیس میں اضافے کیخلاف10جولائی 2019 ء بروز بدھ کو کراچی اور اندرونِ سندھ بسیں، منی بسیں، کوچز،وین ہڑتال کریں گی۔ اجلاس میں تشویش کااظہارکیاگیاکہ موجودہ حکومت کے دورمیں سی این جی کی قیمتوں میں مجموعی اضافہ50روپے اورڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی اضافہ58روپے ہوا۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے موٹروہیکل ٹیکس اورپرمٹ فیس میں بھی اضافہ کردیاگیاہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ چلانامشکل ہوگیاہے ۔