Friday, March 29, 2024

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا یکم جون سے ٹرانسپورٹ سڑکوں پر لانے کا اعلان

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا یکم جون سے ٹرانسپورٹ سڑکوں پر  لانے کا اعلان
May 30, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے  ٹرانسپورٹرز پریشانی  کا شکار ہیں جنہوں نے  یکم جون سے  ٹرانسپورٹ سڑکوں پر لانے کا اعلان کردیا ۔ صدر کراچی  ٹرانسپورٹ اتحاد  ارشاد بخاری  کہتے ہیں   سندھ حکومت   کی جانب سے دی گئی ایس  او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں گے ،ٹرانسپورٹ بند  ہونے سے پریشانی  کا شکار ہیں، اپنے بچوں کو بھوک سے نہیں مار سکتے۔

کراچی میں لاک ڈاؤن   کے سبب ٹرانسپورٹ بند ہو گئی ، ٹرانسپورٹرز کے صبر کا پیمانہ  لبریز  ہوگیا  یکم جون سے ٹرانسپورٹ  سڑکوں پر لانے کا اعلان کردیا ۔

اکبر روڈ پر  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری  بولے حکومت نے تاجروں کو کاروبار کرنے کی اجازت دی جبکہ ہمیں کئی دفعہ یقین دہانی کرائی مگر ٹرانسپورٹ نہیں چلانے دیا اب حکومت  اگر طاقت کا استعمال کرنا چاہتی ہے  تو شوق سے کرے ہم گرفتاریوں کیلئے تیار ہیں ۔

ارشاد بخاری نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرزماسک ،سیناٹائیزرز اور اسپرے کروائیں گے اور ڈرائیوروں کو  بھی پابند کرینگے کے ایس او پیز پر عملدرآمد ہو۔

دوسری جانب ‏سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے مشروط قراردیدیا،وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ ‏سندھ میں ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد کریں گے ۔